آئیے ، ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں ! - BaaZauq | Urdu writings, views and analysis | باذوق | baazauq.blogspot.com

2009/08/14

آئیے ، ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں !

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

آئیے ، ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں !

14۔ اگست ، 1947ء
﴿ قیام پاکستان پر قوم کے نام قائد اعظم کا تہنیتی پیغام ﴾

اہالیان ِ پاکستان !
میں انتہائی مسرت و شادمانی اور قلبی احساسات کے ساتھ آج آپ کی خدمت میں تہنیت پیش کرتا ہوں۔
14۔ اگست ، ہماری آزادی اور خود مختار مملکت پاکستان کے وجود میں آنے کا دن ہے!

آج کا دن مسلم قوم کی سرخروئی کا دن ہے جس نے اپنا وطن حاصل کرنے کے لیے گزشتہ کئی برسوں میں بڑی بڑی قربانیاں دی ہیں ۔
اِس انتہائی اہم ساعت میں میرا دل جنگ آزادی کے اُن دلیر مجاہدوں کی یاد سے معمور ہے جنہوں نے پاکستان کو حقیقت بنانے کے لیے اپنا سب کچھ حتیٰ کہ اپنی جانیں تک نثار کر دیں۔ میں اُنہیں یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان ہمیشہ ان کا ممنون احسان رہے گا اور اُن ساتھیوں کو جو ہم میں نہیں ہیں ، ہمیشہ دل سے یاد رکھے گا۔

اِس نئی مملکت کے قائم ہو جانے سے پاکستان کے شہریوں پر زبردست ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں ۔ انہیں یہ موقع حاصل ہوا ہے کہ دنیا کے سامنے یہ ثابت کر دکھائیں کہ کس طرح ایک ایسی قوم جس میں مختلف عناصر شامل ہیں ، آپس میں مل جل کر صلح و آشتی کے ساتھ رہتی ہے اور دین و ذات کا امتیاز کیے بغیر اپنے تمام شہریوں کے لیے یکساں فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہے ۔
ہمارا مطمحِ نظر ، امن ہونا چاہئے ۔۔۔ اندرون ملک بھی اور بیرون ملک بھی ۔
ہم صلح و امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ۔ اور اپنے قریبی پڑوسیوں کے ساتھ اور ساری دنیا کے ساتھ خوشگوار اور دوستانہ تعلقات رکھنا چاہتے ہیں ۔
ہم کسی کے ساتھ جارحانہ عزائم نہیں رکھتے۔ ہم اقوام متحدہ کے منشور کے پابند ہیں ۔ اور عالمی امن و خوش حالی کو فروغ دینے میں بخوشی پورا پورا حصہ لیتے رہیں گے ۔

آئیے ! ہم آج کے دن اللہ تعالیٰ کی بخشی ہوئی نعمتوں کا شکر بجا لائیں اور دعا کریں کہ وہ ہمیں اس کا اہل ثابت ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔
آج ہماری قومی تاریخ کے تلخیوں سے بھرپور دور کا اختتام ہوتا ہے اور آج ہی کے دن سے ہمارے نئے ، شاندار اور پروقار عہد کا آغاز بھی ہونا چاہئے۔
اپنی سرحدوں کے حریت پسند قبائل اور سرحدوں کے پرے کی مملکتوں کے باشندوں کی خدمت میں ہم تہنیت پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ہمیشہ ان کے مرتبے کا احترام کرے گا اور قیام امن کے سلسلے میں ان کے ساتھ ہمیشہ دوستانہ تعاون کرتا رہے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہم خود باعزت طور پر زندگی بسر کریں اور دوسروں کو بھی باعزت زندگی بسر کرنے دیں۔ اس سے زیادہ ہماری کوئی اور تمنا نہیں ۔

آخر میں میرے عزیز ہم وطنو ! میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی سرزمین عظیم وسائل سے مالا مال ہے ، لیکن اسے ایسا ملک بنانے کے لیے جو مسلم قوم کے شایان شان ہو ہمیں اپنی تمام قوتوں کی آخری رمق تک درکار ہوگی ، اور ۔۔۔
مجھے بھروسہ ہے کہ اس مقصد کے حصول کے لیے سب لوگ دل و جاں سے اپنی پوری قوتیں وقف کر دیں گے۔

پاکستان زندہ باد !!!

3 comments:

  1. قائد کے قول صرف کتابوں میں ہی رہ گئے ہیں

    ReplyDelete
  2. باذوق بہت افسوس سے کہنا پڑتا ہے۔ باتیں اب عنقا ہوگئیں مخلص چل بسے۔ ڈھیر ہی ڈھیر ہے اب تو۔ خدا ہمارے حال پر رحم فرمائے۔

    ReplyDelete
  3. Download Software "Quran With Tafseer" from:

    htt://www.ecrore.com/mkashif/qwt/qwt.html

    Quran with Tafseer 1.0 is used to read and learn the Holy Quran in Arabic, Urdu and English Languages with five Translations and four Tafseer, all bundled together in one easy to use and small size of application. The software is equipped with a web type user interface for ease of use and provided Tafseer text with show-hide functionality also not required to install Urdu/Arabic language support, it can be determined translation and meaning of an aya from different respected scholars. These all resources can be freely used and distributed.

    ReplyDelete