دل تو ہے دل - BaaZauq | Urdu writings, views and analysis | باذوق | baazauq.blogspot.com

2011/05/11

دل تو ہے دل

کچھ ہفتہ قبل ہمارے ایک دوست کے دو صاحبزادے فیض کے کلام کی شرح پوچھنے آئے تھے۔ اس دفعہ دوبارہ تشریف لائے تو شرماتے مسکراتے۔ بلکہ آپس میں ایک دوسرے کو کہنی مارتے ہنستے کھلکھلاتے۔
بدقت تمام ایک بھتیجہ گویا ہوا : "انکل، دل والے محاورے چاہئے ، معنوں کے ساتھ"۔
دوسرے نے ہنسنا شروع کر دیا۔ استفہامیہ نظر اس پر ڈالی تو اسی طرح ہنستے ہوئے اپنے بھائی کی طرف اشارہ کرتے بولا :
"انکل ، اردو ٹیچر نے آج جب پوچھا تو جواب میں انہوں نے گننا شروع کر دیا یوں ۔۔۔۔
دل سے ، دل ہیکہ مانتا نہیں ، دل چاہتا ہے ، دل بولے ہڑپا ، دل تو پاگل ہے ، دل تو بچہ ہے جی ۔۔۔۔"
قصور بچارے بچوں کا نہیں۔ ماحول ہی کچھ ایسا بن گیا ہے کہ ڈش انٹینا کلچر یا مادر پدر آزادانٹرنیٹ سے ایسی ہی کچھ معلومات آجکل حاصل ہوتی ہیں۔ مطالعہ کم ہو گیا ہے۔ لغت دیکھنے کی کسی کو فرصت نہیں۔ انٹرنیٹ پر معلومات اردو زبان کی تہذیب و قواعد سے متعلق موجود نہیں بلکہ فلم ، تفریح اور دیگر لغویات پر مشتمل ہیں۔ ایسے میں چند ہی لوگ ہیں جو خدمتِ اردو کی خاطر فی سبیل للہ کام کئے جاتے ہیں۔ زیادہ تر کو بیکار کے مباحث ، مسلکی مذہبی نظریاتی جھگڑوں ، سیاسی و ملکی حالات پر غیرضروری اور لٹھ بردار تبصروں سے فرصت نہیں۔ کاش کہ ہم سب اردو کی نئی نسل کی ہی خاطر کچھ نہ کچھ تعمیری کاموں کی طرف راغب ہوں۔
بہرحال گوگلنگ کرنے پر "دل" سے متعلق محاورے اردو یونیکوڈ تحریر میں کہیں نظر نہیں آئے۔ لہذا فیروز اللغات کی مدد سے یہ کچھ معروف و مقبول محاورے معانی کے ساتھ پیش خدمت ہیں۔

محاورہ | معنی
  1. دل آب آب ہونا | دل کا نرم ہونا
  2. دل آزردہ ہونا | افسردہ ہونا
  3. دل اُچاٹ ہونا | جی نہ لگنا ، جی اکتانا
  4. دل اُچٹ جانا | گھبرا جانا
  5. دل الٹ پلٹ ہونا | دل کا گبھرانا ، بےچین ہونا
  6. دل امڈ آنا | دل کا بھر آنا ، رونے کے قریب ہونا
  7. دل باغ باغ ہونا | بہت خوش ہونا
  8. دل بحال ہونا | دل کو چین آنا
  9. دل بدست آور کہ حج اکبر است | دلجوئی کرنا حج اکبر کے برابر ہے
  10. دل بَلیوں اچھلنا | بہت بےتاب ہونا
  11. دل بیٹھ جانا | ہمت نہ رہنا ، افسردہ ہونا
  12. دل پارہ پارہ ہونا | روحانی صدمہ ہونا
  13. دل پتھر ہو جانا | مصیبتیں جھیل جھیل کر دل کا سخت ہو جانا
  14. دل پر پتھر رکھ لینا | صبر کر لینا ، دل سخت کر لینا
  15. دل پر چھریاں چلنا | اندرونی صدمہ پہنچنا
  16. دل پر سانپ لوٹنا | افسوس ہونا ، پچھتاوا ہونا ، رشک ہونا ، حسد ہونا
  17. دل پر گھونسا پڑنا | اچانک کوئی صدمہ پہنچنا
  18. دل پر ہاتھ رکھ کے دیکھو | اپنی حالت کا اندازہ کر کے دوسرے کی نسبت کچھ کہو
  19. دل پکڑ کر بیٹھ جانا | صدمہ کی وجہ سے بول نہ سکنا یا گھبرا جانا
  20. دل ٹکڑے ٹکڑے ہونا | سخت صدمہ ہونا
  21. دل جگر دیکھنا | حوصلہ یا ہمت دیکھنا
  22. دل جل کر کباب ہونا | سخت رنج یا صدمہ ہونا ، رشک سے جلنا
  23. دل چیر کر دیکھنا | دل کا حال معلوم کرنا
  24. دل چیر کر دکھانا | راز ظاہر کرنا
  25. دل خون کرنا | بےحد محنت و مشقت کرنا
  26. دل دریا ہونا | بہت سخی یا فیاض ہونا
  27. دل دھک دھک کرنا | بیماری ، ڈر یا اضطراب سے دل کی حرکت تیز ہو جانا
  28. دل ڈانواں ڈول ہونا | دل بےاختیار ہونا ، دل قابو میں نہ ہونا
  29. دل ڈوبنا | غشی طاری ہونا
  30. دل سے اُتر جانا | بےوقعت ہو جانا ، بھول جانا
  31. دل سے کانٹا نکلنا | دل کی خلش جاتی رہنا
  32. دل کا ارمان نکلنا | آرزو پوری ہونا
  33. دل کا بخار | غصہ ، رنج ، کدورت ، ملال
  34. دل کا دو دو ہاتھ اچھلنا | بہت بےقرار ہونا ، مضطرب ہونا
  35. دل کا کنول کھلنا | خوش ہونا ، شگفتہ خاطر ہونا
  36. دل کباب ہونا | جلنا ، رنجیدہ ہونا ، غمگین ہونا
  37. دل کو دل سے راہ ہوتی ہے | محبت دونوں طرف سے ہوتی ہے
  38. دل کھول کے | بےدھڑک ، خاطر خواہ
  39. دل کی کلی کھلنا | آرزو پوری ہونا
  40. دل کی گانٹھ کھولنا | عداوت دور کرنا ، چھپے ہوئے کینہ کو دفع کرنا
  41. دل کی گرہ کھولنا | رنجش دور ہونا ، عقدہ کشائی ہونا ، راز ظاہر ہونا
  42. دل کے پھپھولے پھوڑنا | برا بھلا کہہ کر دل کا غصہ نکالنا، رنج و غم کے باعث جلی کٹی باتیں کرنا ، بدلہ لینا ، زہر اگلنا ، دردِ دل ظاہر کرنا
  43. دل گواہی دیتا ہے | دل تائید کرتا ہے
  44. دل لٹو ہونا | فریفتہ ہونا
  45. دل لگ جانا | جی بہلنا ، کسی کام میں مشغول ہو جانا ، محبت ہونا
  46. دل لوٹ پوٹ ہونا | فریفتہ ہونا ، شیدا ہونا ، عاشق ہونا
  47. دل مارنا | خواہشوں کو روکنا، ضبط کرنا
  48. دل مٹھی میں لینا | کسی کو قابو کرنا ، گرویدہ کر لینا
  49. دل مر جانا | دل میں کوئی خواہش نہ رہنا
  50. دل میں چٹکیاں لینا | طعنے دینا ، دل دکھانا ، درپردہ آزار پہنچانا
  51. دل میں چور بیٹھنا | بدگمانی ہونا ، بدظنی ہونا
  52. دل میں زہر بھرا ہونا | دل میں کسی کے متعلق دشمنی یا بدی ہونا
  53. دل میں غبار آنا | کدورت رکھنا
  54. دل میں کانٹا سا کھٹکنا | ناگوار گزرنا ، بار خاطر ہونا
  55. دل میں گرہ پڑنا | رنج و ملال ہونا
  56. دل میں گڑ جانا | پسند آنا ، اثر ہونا
  57. دل میں گھر کر جانا | دوستی پیدا کرنا ، محبت کرنا
  58. دل میں گھونسا لگنا | اچانک کوئی صدمہ پہنچنا
  59. دل میں لڈو پھوٹنا | بہت خوش ہونا
  60. دل میں ہُوک اٹھنا | رنج و غم کی بات یاد آنا
  61. دل ہارنا | ہمت ہار دینا ، گھبرا جانا
  62. دل ہلکا ہونا | رونے دھونے سے غم کا ہلکا ہونا
  63. دل ہوا ہو جانا | ڈر سے گھبرا جانا
  64. دل ہی دل میں | اندر ہی اندر ، چپکے چپکے

4 comments: